لاہور:پاکستان سپر لیگ کے دسویں سیزن کے ایک اہم مقابلے میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 143 رنز بنائے، جس کے جواب میں زلمی کو جیت کے لیے 144 رنز کا ہدف ملا ہے۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے اس میچ میں شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا انتخاب کیا۔ اوپنرز کائیل میئرز اور صاحبزادہ فرحان نے 58 رنز کی شراکت سے ٹیم کو اچھی شروعات فراہم کی، تاہم مڈل آرڈر بلے باز بڑی اننگز نہ کھیل سکے۔
صاحبزادہ فرحان نے 35 گیندوں پر 36 رنز بنائے جبکہ کائیل میئرز 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد ٹیم کے دیگر بیٹرز جلدی پویلین لوٹ گئے۔ شاداب خان نے 15، کولن منرو نے 11، اعظم خان نے 8، سلمان آغا نے 4 اور سعد مسعود نے صرف 1 رن اسکور کیا۔
اختتامی لمحات میں بین ورشوس نے 17 گیندوں پر 33 ناٹ آؤٹ رنز جڑ کر ٹیم کو قابل دفاع مجموعے تک پہنچانے میں مدد دی۔ عماد وسیم 10 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، جبکہ نسیم شاہ ایک رن بنا کر آخری کھلاڑی کے طور پر آؤٹ ہوئے۔
پشاور زلمی کی جانب سے محمد علی نے سب سے شاندار بولنگ کی، انہوں نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ دیگر بولرز میں حسین طلعت، احمد دانیال، الزری جوزف، صائم ایوب اور لیوک وڈ نے ایک ایک وکٹ لی۔
پوائنٹس ٹیبل کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ نے چھ میں سے پانچ میچز جیت کر سب سے اوپر جگہ بنائی ہوئی ہے، جبکہ پشاور زلمی دو فتوحات کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔