راولپنڈی: آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی صدارت میں جی ایچ کیو میں ہونے والی خصوصی کور کمانڈرز کانفرنس میں خطے کی تازہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
فورم نے واضح پیغام دیا کہ جنگ کی کسی بھی کوشش کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ پاک فوج ملک کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
کانفرنس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم، ایل او سی پر شہریوں کو نشانہ بنانے، اور پہلگام واقعے کے پس منظر میں بھارتی بیانیے کی مذمت کی گئی۔ شرکاء نے مصنوعی بحرانوں کے ذریعے سٹیٹس کو کو چیلنج کرنے کی حکمت عملی کو امن کے لیے خطرہ قرار دیا۔
شرکاء نے سندھ طاس معاہدے کو سبوتاژ کرنے کی بھارتی کوششوں اور پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کے نتائج پر گہری تشویش ظاہر کی۔
آرمی چیف نے تمام فارمیشنز پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں اور ہر محاذ پر چوکنا ہیں۔