غزہ میں اسرائیلی حملے جاری، 24 گھنٹوں میں 18 فلسطینی شہید

03:41 PM, 2 May, 2025

غزہ : اسرائیل کی غزہ پر جاری بمباری اور حملے تھمنے کا نام نہیں لے رہے۔ صیہونی فورسز نے وسطی اور جنوبی غزہ، دیر البلح اور المواسی کیمپ کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 18 فلسطینی شہید اور 77 زخمی ہو گئے۔

غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق اکتوبر 2023 سے اب تک شہدا کی تعداد 52 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ زخمیوں کی تعداد بھی ایک لاکھ 18 ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے۔

ادھر غزہ میں غذائی قلت بدترین شکل اختیار کر چکی ہے۔ بچے بھوک سے بلک رہے ہیں اور بیماروں کے لیے دوا نایاب ہو چکی ہے۔ اقوام متحدہ کی ایجنسی یو این آر ڈبلیو اے کا کہنا ہے کہ غزہ میں امدادی سامان پہنچانے کا راستہ دو ماہ سے بند ہے، جبکہ سرحد پر 3 ہزار سے زیادہ ٹرک انتظار میں کھڑے ہیں، لیکن اسرائیلی ناکہ بندی کے باعث اندر جانے کی اجازت نہیں مل رہی۔

علاقے میں حالات بدستور خراب ہیں اور انسانی بحران شدید تر ہوتا جا رہا ہے، لیکن عالمی برادری کی جانب سے عملی اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

مزیدخبریں