فلوریڈا: اسپیس ایکس نے زمین کے نچلے مدار میں اپنے اسٹارلنک انٹرنیٹ نیٹ ورک کو وسعت دیتے ہوئے مزید 28 جدید سیٹلائٹس کامیابی سے خلا میں بھیج دیے ہیں۔ یہ مشن امریکی ریاست فلوریڈا کے کیپ کیناویرل سپیس فورس اسٹیشن سے فالکن 9 راکٹ کے ذریعے انجام دیا گیا۔
راکٹ شام 6 بج کر 51 منٹ کے بعد روانہ ہوا، اور لانچ کے صرف آٹھ منٹ بعد ہی اس کا پہلا حصہ جو ایندھن کا بوسٹر کہلاتا ہے وہ کامیابی سے بحرِ اوقیانوس میں موجود ایک خودکار کشتی (ڈرون شپ) پر واپس اتر آیا۔ یہ بوسٹر اس سے پہلے بھی 17 مشنز میں استعمال ہو چکا ہے، اور اب یہ اس کا 18 واں کامیاب سفر ہے۔
اس مشن کے بعد زمین کے گرد چکر لگانے والے اسٹارلنک سیٹلائٹس کی کل تعداد 7,300 کے قریب پہنچ گئی ہے۔ اسپیس ایکس کا یہ سال 2025 کا 51 واں اور مجموعی طور پر 468 واں مشن تھا، جو کمپنی کی خلا میں سرگرمیوں میں مسلسل کامیابی کا ثبوت ہے۔ اسپیس ایکس کا اسٹارلنک منصوبہ دنیا کے دور دراز علاقوں کو انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے کے لیے بنایا گیا ہے، اور اس کے لیے کمپنی ہزاروں چھوٹے سیٹلائٹس زمین کے گرد بھیج رہی ہے۔