نئی دہلی : بھارتی فضائیہ کو گزشتہ 30 سالوں میں 550 سے زائد حادثات کا سامنا کرنا پڑا ہے، جن میں 150 سے زیادہ پائلٹ اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ تعداد کارگل جنگ میں مارے گئے بھارتی فوجیوں سے کئی گنا زیادہ ہے۔
ان حادثات کی بڑی وجوہات میں انسانی غلطیاں، ناقص تربیت، اور پرانے طیارے شامل ہیں۔ 2 اپریل کو ایک جیگوار طیارہ رات کی تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوا، جس میں پائلٹ ہلاک ہو گیا۔ مارچ 2025 میں ایک ہی دن دو لڑاکا طیارے گرنے کا واقعہ بھی پیش آیا۔ ماضی میں بھی ایسے کئی واقعات ہو چکے ہیں، جن میں جنرل بپن راوت کی موت والا ہیلی کاپٹر حادثہ بھی شامل ہے۔
خاص طور پر مگ-21 طیارے، جنہیں "فلائنگ کفن" کہا جاتا ہے، کئی پائلٹوں کی جان لے چکے ہیں۔ 2019 میں پاکستان نے بھی ایک بھارتی مگ-21 طیارہ مار گرایا تھا جسے ابھی نندن اڑا رہا تھا۔ دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت کی دفاعی اصلاحات کے دعوے صرف زبانی کلامی ہیں، زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔