اسلام آباد: بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کے اقدام پر پاکستان نے سخت ردعمل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت پاکستان بھارت کو جلد سفارتی ذرائع سے نوٹس جاری کرے گی جس میں معاہدہ معطل کرنے کی وجوہات پوچھیں جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق انڈس واٹر کمیشن، وزارت خارجہ، وزارت آبی وسائل اور وزارت قانون نے آپس میں مشاورت کے بعد ابتدائی تیاری مکمل کر لی ہے۔ حکومت اس معاملے کو عالمی سطح پر بھی اٹھانے پر غور کر رہی ہے تاکہ بھارت کی آبی جارحیت کو دنیا کے سامنے لایا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کو سندھ طاس معاہدے پر قانونی برتری حاصل ہے اور امید ہے بھارت کو اپنے فیصلے پر نظرثانی کرنا پڑے گی۔ تمام فیصلے حکومت اور کابینہ کی منظوری کے بعد کیے جائیں گے۔ پاکستان کا مؤقف ہے کہ اس نے کبھی اس معاہدے کی خلاف ورزی نہیں کی اور ہمیشہ عالمی قوانین کی پابندی کی ہے۔