لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور شہر کے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔ انہوں نے ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے لاہور ڈویلپمنٹ پلان کا تفصیلی جائزہ لیا اور تمام متعلقہ اداروں کو کام کی رفتار تیز کرنے کا حکم دیا۔
وزیراعلیٰ نے سینئر وزیر اور چیف سیکرٹری کو منصوبوں کی نگرانی کی ذمہ داری سونپی اور ہدایت کی کہ تمام پراجیکٹس کے لیے واضح ماہانہ ٹائم لائنز طے کی جائیں تاکہ کام میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ پہلے مرحلے کے تحت میونسپل کارپوریشن کی 3705 اور واسا کی 230 گلیوں کی مرمت اور بحالی 30 جون تک مکمل کی جائے گی، جبکہ واسا کی جانب سے مزید 1573 گلیوں کی مرمت کا کام 31 جولائی تک مکمل کرنا ہوگا۔ فیز ٹو میں علامہ اقبال ٹاؤن، عزیز بھٹی ٹاؤن اور واہگہ ٹاؤن میں گلیوں کی بہتری اور دیگر ترقیاتی کام شامل ہوں گے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ عوامی فلاح کے کاموں میں تاخیر ناقابل برداشت ہے، کیونکہ اس سے شہریوں کی روزمرہ زندگی متاثر ہوتی ہے۔ "میں خود کو عوام کے سامنے جوابدہ سمجھتی ہوں، ان کے مسائل میری ترجیح ہیں،" انہوں نے کہا۔