واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف جاری فوجی کارروائی میں فیصلہ کن پیش رفت کا دعویٰ کرتے ہوئے تہران کی پوری عسکری اور سیاسی قیادت کے خاتمے کا اعلان کر دیا ہے۔ وائٹ ہاؤس سے جاری بیان میں صدر ٹرمپ نے ایرانی رجیم کے لیے سخت ترین شرائط پیش کر دی ہیں۔
صدر ٹرمپ کے مطابق امریکی حملوں میں 48 اہم ایرانی شخصیات کو نشانہ بنایا گیا ہے، جس کے نتیجے میں ایران کی تمام تر ملٹری لیڈرشپ ہلاک ہو چکی ہے۔ صدر نے پاسدارانِ انقلاب (IRGC) کو دو ٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا: "اگر تم ہتھیار ڈال دیتے ہو تو تمہیں استثنیٰ (Safe Passage) مل سکتا ہے، لیکن اگر مقابلہ کیا تو صرف موت تمہارا مقدر ہوگی۔"
ٹرمپ کا دعویٰ ہے کہ پرانی قیادت کے خاتمے کے بعد اب نئی ایرانی قیادت پسِ پردہ امریکہ سے بات چیت کے لیے تیار ہو چکی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس آپریشن کا بنیادی مقصد ایران کو ایٹمی طاقت بننے سے مستقل طور پر روکنا ہے۔ اب تک ایران میں سیکڑوں دفاعی اور اسٹریٹجک اہداف کو ملیا میٹ کیا جا چکا ہے۔
ٹرمپ کا "ایران آپریشن": 48 اعلیٰ قیادت کی ہلاکت کا دعویٰ، پاسدارانِ انقلاب کو ہتھیار ڈالنے یا موت کا الٹی میٹم
10:35 AM, 2 Mar, 2026