مذاکراتی عمل جاری، ایران سے رابطے منقطع ہونے کی خبریں بے بنیاد ہیں: ٹرمپ

10:36 PM, 2 Jun, 2026

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکراتی عمل کے تعطل سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی رابطے بدستور قائم ہیں اور بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔

اپنے ایک بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ بعض میڈیا اداروں کی جانب سے یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ واشنگٹن اور تہران نے حالیہ دنوں میں ایک دوسرے سے رابطے منقطع کر لیے ہیں، لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند روز کے دوران دونوں فریق مختلف سطحوں پر رابطے میں رہے ہیں اور مذاکراتی سرگرمیاں بغیر کسی وقفے کے آگے بڑھ رہی ہیں۔

امریکی صدر کے مطابق اس مرحلے پر مذاکرات کے حتمی نتائج کے بارے میں پیش گوئی کرنا ممکن نہیں، تاہم امریکا چاہتا ہے کہ موجودہ سفارتی عمل کسی ٹھوس پیش رفت پر منتج ہو۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی قیادت کو واضح طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے کہ اب معاملات کو آگے بڑھانے اور کسی متفقہ حل تک پہنچنے کی ضرورت ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ کئی دہائیوں سے جاری بعض طرزِ عمل کو مزید جاری نہیں رکھا جا سکتا، اس لیے وقت کا تقاضا ہے کہ دونوں ممالک سنجیدہ مذاکرات کے ذریعے قابلِ قبول معاہدے کی جانب پیش رفت کریں۔

مزیدخبریں