ممبئی: بالی وڈ اداکارہ روینہ ٹنڈن کی والدہ کے گھر سے بڑی مالیت کے زیورات اور مہنگی گھڑیوں کی چوری کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس میں تقریباً 25 لاکھ روپے مالیت کا سامان غائب ہونے کی اطلاع ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ ممبئی کے علاقے جوہو میں پیش آیا، جہاں اہل خانہ نے لاکر چیک کیا تو اس میں موجود قیمتی زیورات اور گھڑیاں موجود نہ تھیں۔ اس صورتحال پر فوری طور پر پولیس کو مطلع کیا گیا۔
پولیس حکام نے تصدیق کی ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق چوری شدہ اشیا کی مالیت تقریباً 25 لاکھ روپے بنتی ہے، جس کے بعد کیس کی تفتیش کو مزید تیز کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق اس کیس میں ایک خاتون کو حراست میں لیا گیا ہے جس کا تعلق مبینہ طور پر اسی گھرانے سے بتایا جا رہا ہے۔ گرفتار ملزمہ کی شناخت 47 سالہ راشی چھابریا کے نام سے ہوئی ہے۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمہ 2020 سے اس گھر میں آ جا رہی تھی اور اس دوران اس نے گھر والوں کا اعتماد حاصل کر لیا تھا۔ وہ روینہ ٹنڈن کی والدہ کی دیکھ بھال اور مدد کے فرائض بھی انجام دیتی رہی۔
پولیس نے مزید بتایا کہ گرفتار خاتون کے قبضے سے کچھ مسروقہ گھڑیاں برآمد کر لی گئی ہیں، جبکہ باقی زیورات کی تلاش اور بازیابی کے لیے کارروائی جاری ہے۔