اسلام آباد: وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح سے ٹیلیفون پر گفتگو کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے جاری سفارتی کوششوں کے حوصلہ افزا نتائج کی امید ظاہر کی۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق کویتی وزیر خارجہ نے پاکستان کے اس کردار کو سراہا جو اس نے امریکا اور ایران کے درمیان رابطوں کی بہتری کے لیے ادا کیا ہے، جبکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے اسلام آباد کی کوششوں کی بھی تعریف کی گئی۔
گفتگو کے دوران اسحاق ڈار نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کے لیے سفارت کاری اور مذاکرات کو ہی بہترین راستہ سمجھتا ہے اور اسی پالیسی کو ترجیح دیتا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ دونوں وزرائے خارجہ نے اس امر پر اتفاق کیا کہ جاری سفارتی عمل کے مثبت اور نتیجہ خیز ہونے کی امید کی جا رہی ہے۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور کویت کے درمیان دوطرفہ برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور آئندہ بھی قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔