معیشت کی مضبوطی کے لیے برآمدات میں اضافہ ضروری: وزیراعظم

04:24 PM, 2 Jun, 2026

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ برآمدات میں بہتری اور ان میں مسلسل اضافہ حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے، جس کے لیے مؤثر پالیسی اقدامات پر کام جاری ہے۔

انہوں نے یہ بات سرمایہ کاری کے فروغ، شعبہ جاتی اصلاحات اور مختلف حکومتی اقدامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس کے دوران متعلقہ وزارتوں کی جانب سے زیر غور پالیسی تجاویز اور پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں وفاقی وزراء اسحاق ڈار، محمد اورنگزیب، احد چیمہ اور عطاء تارڑ شریک ہوئے۔

وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی پائیدار معاشی ترقی کے لیے صنعتی پیداوار میں اضافہ اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت متبادل اور قابلِ تجدید توانائی ذرائع کے ذریعے توانائی کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدگی سے اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ توانائی کی بچت اور کم لاگت جدید ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے الیکٹرک وہیکلز پالیسی پر پیش رفت ضروری ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام اصلاحات اور پالیسی فیصلوں میں شفافیت، مؤثر انتظام اور بہتر کارکردگی کو بنیادی اہمیت حاصل رہے گی۔
 

مزیدخبریں