واشنگٹن / تل ابیب :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے درمیان تعلقات میں شدید تلخی سامنے آئی ہے، جہاں صدر ٹرمپ نے ایران سے رابطے معطل کرنے اور لبنان پر بمباری جاری رکھنے پر نیتن یاہو کو سخت الفاظ میں لتاڑ دیا ہے۔ امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، صدر ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم سے ٹیلی فون پر انتہائی کرخت لہجے میں بات چیت کی اور لبنان میں جاری اسرائیلی سیکیورٹی آپریشنز کو فوری طور پر ختم کرنے کا حکم دیا، جس کے زیرِ اثر نیتن یاہو نے بیروت جانے والے اپنے فوجی دستوں کو فوری طور پر پیچھے ہٹنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، امریکی صدر نے نیتن یاہو کی ہٹ دھرمی پر برہم ہوتے ہوئے انہیں "پاگل" اور "ناشکرا" قرار دیا اور یاد دلایا کہ "اگر میں نہ ہوتا تو تم اس وقت جیل میں ہوتے، میں یہاں تمہاری چمڑی بچا رہا ہوں"۔ امریکی صدر کے اس جارحانہ اور سخت ترین سفارتی موقف کے بعد تل ابیب کو لبنان کے محاذ پر اپنے اقدامات کو فوری طور پر روکنا پڑا ہے۔