ن لیگ اقتدار میں آکر گلگت بلتستان کے عوام کو گھر بنانے کے لیے قرضے دے گی، قائد ن لیگ کا بڑا اعلان

02:21 PM, 2 Jun, 2026

گلگت:مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے گلگت بلتستان کے ووٹرز کو متحرک کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ان کی جماعت اقتدار میں آکر خطے کے عوام کو اپنے ذاتی گھر بنانے کے لیے آسان شرائط پر قرضے فراہم کرے گی۔ گلگت بلتستان میں انتخابی مہم کے دوران ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) شرافت اور کارکردگی کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، ہم نے کبھی کسی پر تنقید کر کے ووٹ نہیں مانگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ووٹ ملے نہ ملے، وہ گلگت بلتستان کی خدمت کا مشن ادھورا نہیں چھوڑیں گے۔

سابق وزیراعظم نے اپنے خطاب میں بجلی کے بحران پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں سردیوں اور گرمیوں میں طویل لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، حالانکہ اس خطے میں دھوپ اور پانی کی شکل میں قدرتی وسائل موجود ہیں، جس کے باعث یہاں توانائی کا کوئی مسئلہ ہونا ہی نہیں چاہئے تھا۔ نواز شریف نے یاد دلایا کہ ان کی حکومت نے اپنے دور میں یہاں ہسپتال بنائے، ہائیڈل پاور پلانٹس لگائے اور ننگر کا اہم منصوبہ مکمل کیا، جبکہ دیگر جماعتوں نے خطے کی ترقی کے لیے کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ن لیگ جی بی کو اس قدر خوشحال بنا دے گی کہ مقامی لوگوں کو گھر بیٹھے معاشی ثمرات حاصل ہوں گے۔

مزیدخبریں