این ایف سی ایوارڈ میں جی بی اور آزاد کشمیر کا حصہ رکھا جائے، اقتدار میں آکر محرومیاں ختم کریں گے:خواجہ سعدرفیق

12:35 PM, 2 Jun, 2026

گلگت :مسلم لیگ (ن) کے سرکردہ رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کی تیز رفتار ترقی مسلم لیگ (ن) کا پختہ عزم ہے اور پارٹی برسرِاقتدار آکر خطے کی تمام محرومیوں کا ازالہ کرے گی۔ گلگت بلتستان میں انتخابی مہم کے سلسلے میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے علاقائی اور قومی امور پر تفصیلی گفتگو کی۔ خواجہ سعد رفیق نے جیو پولیٹیکل صورتحال پر بات کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان مسلم دنیا کی واحد ایٹمی قوت ہے، یہی وجہ ہے کہ بھارت کو اپنے ہر فالس فلیگ آپریشن پر ہمیشہ منہ کی کھانا پڑی ہے۔

اپنے خطاب میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو پاکستان کے دیگر صوبوں کی طرح تمام برابر کے حقوق دیے جائیں اور ان کی آواز کو ایوانِ بالا و ایوانِ زیریں میں مؤثر انداز میں اٹھایا جائے۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ مسلم لیگ (ن) کے دورِ حکومت میں علاقے میں بجلی کے نئے منصوبے شروع کیے جائیں گے تاکہ لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہو سکے۔ خواجہ سعد رفیق نے وفاق پر زور دیا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار این ایف سی (NFC) ایوارڈ کے مالیاتی فارمولے میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کا باقاعدہ حصہ بھی شامل کیا جائے تاکہ یہ علاقے فنڈز کے لیے وفاق کے محتاج نہ رہیں۔

مزیدخبریں