نیویارک : پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نیویارک پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ اقوام متحدہ میں پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے، بالخصوص کشمیر، پانی کے تنازع اور بھارتی جارحیت سے متعلق عالمی برادری کو آگاہ کیا جائے گا۔
بلاول بھٹو نے اپنی آمد کے فوراً بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر ویڈیو بیان میں کہا"میں اقوام متحدہ میں پاکستان کی آواز بننے آیا ہوں۔ ہم دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ کشمیری عوام کا حق خودارادیت ناقابلِ تنسیخ ہے، اور اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ ممکن نہیں۔"
انہوں نے کہا کہ پاکستان پانی کے مسئلے پر کسی زبردستی کو تسلیم نہیں کرے گا اور سندھو دریا پر ممکنہ بھارتی چیرہ دستیوں کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف ہے، لیکن اس بہانے پاکستان کی خودمختاری کو چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
دفتر خارجہ کے مطابق بلاول بھٹو نیویارک کے بعد واشنگٹن، لندن اور برسلز کا بھی دورہ کریں گے، جہاں وہ اقوام متحدہ کے اعلیٰ حکام، سلامتی کونسل کے مستقل ارکان، او آئی سی کے نمائندوں اور دیگر سفارت کاروں سے ملاقات کریں گے۔ ان ملاقاتوں کا مقصد خطے میں قیامِ امن، کشمیری عوام کے حقوق کا دفاع اور بھارتی بیانیے کو چیلنج کرنا ہے۔
روانگی سے قبل بلاول بھٹو نے وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کی اور بھارت سے متعلق سفارتی پالیسی پر مشاورت کی۔