بھارتی قیادت کے بیانات دشمنی کو ہوا دے رہے ہیں، دفتر خارجہ

11:59 AM, 2 Jun, 2025

اسلام آباد :  پاکستان نے بھارتی قیادت کے حالیہ اشتعال انگیز بیانات کو سخت تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بیانات خطے میں امن کے بجائے نفرت اور کشیدگی کو فروغ دے رہے ہیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان پر جھوٹے الزامات لگا کر اپنی دہشتگردی چھپانا چاہتا ہے، لیکن عالمی برادری بھارت کے اصل چہرے سے واقف ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ بھارت پاکستان میں دہشتگردی کی پشت پناہی کرتا ہے، اور اس حقیقت کو جھوٹے بیانیوں سے چھپایا نہیں جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر خطے کے امن و سلامتی کے لیے سب سے بڑا چیلنج ہے، اسے نظر انداز کرنا تصادم کی راہ ہموار کرنے کے مترادف ہے۔ پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اس مسئلے کے منصفانہ حل کا حامی ہے۔

دفتر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، لیکن اپنی خودمختاری اور سلامتی کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ خطے میں پائیدار امن کے لیے ضروری ہے کہ بھارت سنجیدگی، برداشت اور مذاکرات کو ترجیح دے۔

مزیدخبریں