ابوجا: نائیجیریا کے وسطی علاقے موکوا میں شدید بارشوں کے بعد آنے والے خطرناک سیلاب نے ہر طرف تباہی مچا دی۔ حکام کے مطابق اب تک 200 سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 500 کے قریب لوگ لاپتہ ہیں۔
یہ سیلاب علاقے کی گزشتہ 60 سال کی بدترین قدرتی آفت قرار دیا جا رہا ہے۔ پانی کے ریلوں نے سینکڑوں گھر اور دو بڑے پل بہا دیے، جبکہ ہزاروں لوگ بے گھر ہو کر کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
نائیجر اسٹیٹ ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی کے مطابق سیلاب کی وجہ سے 3000 سے زیادہ افراد اپنا سب کچھ کھو بیٹھے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں پانی اب بھی کھڑا ہے اور لوگ ملبے میں اپنے پیاروں کو تلاش کر رہے ہیں۔
ریسکیو ٹیمیں دن رات امدادی کاموں میں مصروف ہیں، لاپتہ افراد کی تلاش، لاشوں کی شناخت اور راستوں سے ملبہ ہٹانے کا عمل جاری ہے۔ حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مکمل بحالی میں کئی دن لگ سکتے ہیں۔ سیلاب سے متاثرہ لوگ فوری امداد اور پناہ گاہوں کی فراہمی کی اپیل کر رہے ہیں، جبکہ حکومت نے امدادی سرگرمیوں میں تیزی لانے کا عندیہ دیا ہے۔