ایران کی امریکا اور اسرائیل کو وارننگ، آیت اللہ خامنہ ای کی نماز جنازہ کے انتظامات جاری

09:38 PM, 2 Jul, 2026

تہران: ایران نے اپنے مرحوم سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی نماز جنازہ سے قبل امریکا اور اسرائیل کو سخت الفاظ میں خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی قسم کی جارحیت یا فوجی اقدام سے گریز کیا جائے، بصورت دیگر سخت ردعمل سامنے آئے گا۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق خاتم الانبیاء مرکزی کمان کے کمانڈر علی عبداللہی نے بیان میں کہا کہ ایران کے مخالف فریقین، بالخصوص امریکا اور اسرائیل کو غلط اندازوں سے بچنا چاہیے، کیونکہ ایران اپنی قومی سلامتی کے خلاف کسی بھی خطرے کا فوری اور بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک بھر میں آیت اللہ علی خامنہ ای کی سرکاری نماز جنازہ کی تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے اور خطے کی صورتحال پہلے ہی کشیدہ ہے، جس کے باعث اس پیش رفت کو مزید اہمیت دی جا رہی ہے۔

ادھر پاسدارانِ انقلاب اسلامی (IRGC) کے ایک سینئر کمانڈر نے جنازے کے انتظامات کے حوالے سے بعض غیر یقینی پہلوؤں کی نشاندہی کی ہے۔ صوبہ قم میں تعینات کمانڈر فتح اللہ جمیری کے مطابق اگرچہ جلوس کا مکمل روٹ اور منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے، تاہم سیکیورٹی صورتحال اور متوقع بڑے عوامی اجتماع کے باعث حتمی لائحہ عمل میں تبدیلی کا امکان موجود ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مجوزہ منصوبے کے تحت نماز جنازہ کا جلوس مسجد جمکران سے شروع ہو کر حضرت فاطمہؑ کے روضے تک جانا ہے، لیکن شرکاء کی ممکنہ بڑی تعداد، ٹریفک دباؤ اور انتظامی چیلنجز کے باعث عملی صورتحال مختلف ہو سکتی ہے۔

ایرانی حکام کے مطابق سیکیورٹی ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں اور ممکنہ بڑے اجتماع کو کنٹرول کرنے کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، تاہم صورتحال کے مطابق فیصلے کیے جائیں گے۔

یہ صورتحال ایسے وقت میں سامنے آ رہی ہے جب ایران نہ صرف ایک اہم ریاستی اور مذہبی تقریب کی تیاری کر رہا ہے بلکہ خطے میں جاری جغرافیائی و سیاسی کشیدگی بھی برقرار ہے۔

مزیدخبریں