اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو ہوئی، جس میں خطے کی تازہ صورتحال، دوحہ میں ہونے والے حالیہ مذاکرات اور امن کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے دوحہ مذاکرات میں ہونے والی مثبت پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ مذاکراتی عمل آئندہ بھی جاری رہے گا اور اس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔
ترجمان نے بتایا کہ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد کے لیے پاکستان کی سنجیدہ کوششوں اور غیرمتزلزل عزم کو سراہا۔ انہوں نے مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے اور خطے میں دیرپا امن و استحکام کے قیام کے لیے پاکستان کے فعال سفارتی کردار کو بھی قابل تحسین قرار دیا۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے قریبی رابطے برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔