اسلام آباد:اسلام آباد میں جیل اصلاحات کے حوالے سے منعقدہ قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ نظامِ انصاف میں قیدیوں کے حقوق کے تحفظ کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔
انہوں نے کانفرنس میں شریک تمام مندوبین کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ جیلوں میں صحت، صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جیلوں کی حالت بہتر بنانا آئینی طور پر صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ زیر التوا مقدمات کے حل میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، تاہم انصاف کے نظام میں بہتری صرف عدالتی فیصلوں سے نہیں بلکہ ان کے مؤثر نفاذ سے ممکن ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فوجداری نظامِ انصاف کسی بھی معاشرے کے لیے بنیادی حیثیت رکھتا ہے اور اس میں احتساب کے عمل کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ کانفرنس میں تمام صوبوں کی نمائندگی موجود تھی، اور متعلقہ اداروں کو اس نظام پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔