کولکتہ : بھارت میں خواتین کے ساتھ جنسی تشدد کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، اور کولکتہ لا کالج کا حالیہ واقعہ اسی تلخ حقیقت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ 24 سالہ طالبہ کے ساتھ اجتماعی زیادتی کا یہ دل دہلا دینے والا واقعہ اُس وقت پیش آیا جب اسے زبردستی گارڈ روم میں بند کر کے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔
یہ واقعہ نہ صرف مودی حکومت کے بلند بانگ نعروں، بلکہ پورے تعلیمی نظام کی سکیورٹی اور اخلاقی ذمہ داری پر سوالیہ نشان بن گیا ہے۔ متاثرہ لڑکی کا کہنا ہے کہ ملزمان نے اسے ڈرایا، دھمکایا اور بعد میں بلیک میل بھی کیا۔ سی سی ٹی وی اور میڈیکل شواہد نے اس بیانیے کی تصدیق کی ہے۔
جبکہ بھارت کے تعلیمی ادارے خواتین کے لیے محفوظ پناہ گاہ ہونے کے بجائے جنسی ہراسانی کے مراکز بنتے جا رہے ہیں، عوام اور انسانی حقوق کی تنظیمیں حکومت سے جواب دہی کا مطالبہ کر رہی ہیں۔ بھارت میں خواتین کی حالت زار عالمی توجہ کا مرکز بن چکی ہے، اور حالیہ امریکی ٹریول ایڈوائزری بھی اس کا ثبوت ہے۔