ٹیکس وصولی میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی ، وزیراعظم شہباز شریف

02:16 PM, 2 Jul, 2025

اسلام آباد :  وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کو سنبھالنے اور محصولات میں اضافے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جا رہا ہے اور ان معاشی اہداف کے حصول میں کسی بھی قسم کی سستی یا کوتاہی ناقابلِ قبول ہوگی۔

یہ بات انہوں نے ایف بی آر میں اصلاحات اور ڈیجیٹائزیشن سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ مالی سال 2024-25 کے دوران ٹیکس وصولی میں 865 ارب روپے کا ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، جو کہ گزشتہ سال کی نسبت 42 فیصد زیادہ ہے۔ اس کے علاوہ ٹیکس کا مجموعی پیداوار سے تناسب 11.3 فیصد رہا۔

وزیراعظم نے ایف بی آر اور وزارت خزانہ کی اس کامیابی کو سراہا اور کہا کہ آئندہ بھی یہی کارکردگی درکار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ خود ٹیکس وصولی اور اقتصادی اہداف کی نگرانی کر رہے ہیں اور تمام ادارے اس قومی مشن میں بھرپور کردار ادا کریں۔

وزیراعظم نے ہدایت دی کہ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کو مزید صنعتوں تک توسیع دی جائے تاکہ ہر پیداوار کو ٹیکس نیٹ میں لایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ چینی، تمباکو اور فرٹیلائزر کے شعبوں میں یہ نظام نافذ ہو چکا ہے، اور جلد ہی سیمنٹ سمیت دیگر صنعتوں میں بھی اسے مکمل طور پر نافذ کر دیا جائے گا۔

شہباز شریف نے ایف بی آر حکام پر زور دیا کہ وہ ٹیکس دہندگان سے عزت و احترام سے پیش آئیں اور کاروباری طبقے کو آسانیاں فراہم کریں۔ ساتھ ہی انہوں نے ریٹیل سیکٹر میں پوائنٹ آف سیل سسٹم کا دائرہ بڑھانے کی بھی ہدایت دی۔

اجلاس میں وفاقی وزرا عطا اللہ تارڑ، اعظم نذیر تارڑ، چیئرمین ایف بی آر اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

مزیدخبریں