اقوام متحدہ میں پاکستان نے بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے رکھ دیا

11:56 AM, 2 Jul, 2025

نیویارک : پاکستان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھرپور انداز میں بھارت کے جھوٹے بیانیے کا جواب دیا اور اس کے مظالم کو بے نقاب کر دیا۔ پاکستانی وفد کی نمائندہ ربیعہ اعجاز نے کہا کہ بھارت ہمیشہ خود کو مظلوم ظاہر کرتا ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ وہ خود مظالم کرنے والا ملک ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ جو سلوک ہو رہا ہے، وہ دنیا کے سامنے آنا چاہیے۔ بی جے پی اور آر ایس ایس کی حکومت نے بھارت کو اکثریت کے زور پر چلنے والی آمریت بنا دیا ہے، جہاں مسلمان، عیسائی اور دلتوں کو خوف اور جبر کا سامنا ہے۔ لنچنگ پر خاموشی، بلڈوزر سے گھروں کی تباہی، اور مذہب کی بنیاد پر شہریت چھیننا اب معمول بنتا جا رہا ہے۔

ربیعہ اعجاز نے کہا کہ بھارت دنیا کو دھوکہ دے رہا ہے اور اپنے مظالم کو "قانونی کارروائی" کے طور پر پیش کرتا ہے، لیکن اصل میں یہ سب ریاستی سطح پر ظلم ہے۔

کشمیر کے معاملے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے بھارت کے اس دعوے کو مسترد کیا کہ جموں و کشمیر اس کا اندرونی معاملہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر نہ کبھی بھارت کا حصہ تھا، نہ ہے۔ اقوام متحدہ نے خود کشمیر کو متنازع علاقہ تسلیم کیا ہے اور کئی قراردادوں کے ذریعے کشمیریوں کو حق دیا ہے کہ وہ آزادانہ رائے شماری سے اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں۔

پاکستانی نمائندہ نے عالمی برادری کو یاد دلایا کہ بھارت نے نہ صرف اپنے عوام پر ظلم کیا بلکہ مقبوضہ کشمیر میں بھی انسانی حقوق کو پامال کر رہا ہے  اور اس پر خاموشی اختیار کرنا مزید ظلم کے برابر ہے۔

مزیدخبریں