پاکستان نے دہشتگردوں کی کمر توڑ دی ہے، سرنڈر کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا: بلاول بھٹو زرداری

11:41 AM, 2 Jul, 2025

اسلام آباد : پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے عالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں دیں اور اب بھی پوری قوت کے ساتھ اس جنگ میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں 92 ہزار جانوں کا نذرانہ دیا اور آپریشن ضربِ عضب اور ردالفساد کے ذریعے دہشتگردوں کو بڑی حد تک ختم کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنی نسلوں کے محفوظ مستقبل کے لیے لڑ رہے ہیں، اور پاکستان کبھی دہشتگردوں کے سامنے جھکے گا نہیں۔

بلاول بھٹو نے دنیا پر زور دیا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا ساتھ دے کیونکہ یہ صرف پاکستان نہیں بلکہ پوری دنیا کے امن کا معاملہ ہے۔

انہوں نے افغانستان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ طالبان حکومت کے بعد وہاں سے پاکستان پر حملوں میں 40 فیصد اضافہ ہوا ہے، اور افغان حکومت کو اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دینی چاہیے۔

بلاول نے بھارت کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ الزام تراشی سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، بھارت کو چاہیے کہ مذاکرات کی میز پر آئے اور مسئلہ کشمیر سمیت تمام تنازعات پر بات کرے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کا سلسلہ بھی بند کرے۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 65 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، اور ان نوجوانوں کو ترقی، روزگار اور جدید ٹیکنالوجی تک رسائی کی ضرورت ہے تاکہ وہ ملک کا روشن مستقبل بنا سکیں۔

مزیدخبریں