لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کا ستھرا پنجاب پروگرام پاکستان سمیت دنیا بھر میں منفرد پہچان حاصل کرچکا ہے اور اس کے مثبت اثرات دیگر صوبوں تک بھی پہنچ رہے ہیں۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق سندھ اور خیبرپختونخوا حکومتیں بھی ستھرا پنجاب ماڈل سے استفادہ کرنا چاہتی ہیں، جبکہ پنجاب نے برطانیہ کے شہر برمنگم کو بھی اس پروگرام میں رہنمائی فراہم کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے کوڑے کو زیر استعمال لا کر بائیو گیس پائلٹ پروجیکٹ بھی شروع کیا ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے پہلے ہی واضح کر دیا ہے کہ اگر کسی صوبے کو پنجاب کے کسی منصوبے کی فیزیبلٹی چاہیے تو پنجاب ہر طرح کی مدد کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنا چاہیے تاکہ عوامی فلاح کے منصوبے کامیاب ہوں۔