رینجرز کے شہدا کی قربانیوں کی بدولت کراچی میں حالات بہتر ہوئے اور تجارتی و صنعتی سرگرمیوں کو استحکام ملا : محسن نقوی

03:50 PM, 2 Jan, 2026

کراچی: رینجرز سندھ کے ٹریننگ سینٹر میں بیسک ریکروٹ ٹریننگ کورس مکمل کرنے والے جوانوں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا، جس میں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شرکت کی اور تقریب سے خطاب کیا۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ تربیت مکمل کرنے والے یہ جوان آج اپنی زندگی میں ایک اہم سنگ میل طے کر چکے ہیں اور انہیں دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی جاتی ہے۔ انہوں نے رینجرز سندھ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ماضی میں کراچی میں امن قائم کر کے رینجرز نے ایک نئی تاریخ رقم کی، اور آج بھی پولیس کے ساتھ مل کر کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں کا خاتمہ جاری ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص میں رینجرز نے پاک فوج کے ساتھ مل کر سرحدوں کی حفاظت میں اہم کردار ادا کیا اور دشمن کی ہر حرکت پر نظر رکھتے ہوئے ان کے مقاصد ناکام بنائے۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز کے شہدا کی قربانیوں کی بدولت کراچی میں حالات بہتر ہوئے ہیں اور تجارتی و صنعتی سرگرمیوں کو استحکام ملا ہے۔

وفاقی وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ کراچی ایک بار پھر بین الاقوامی سطح پر ثقافتی و تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بن چکا ہے اور رینجرز نے دہشت گردی اور بدامنی کے بروقت تدارک کے ذریعے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز سندھ نے گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور اسلام آباد میں بھی اہم خدمات انجام دی ہیں۔

مزیدخبریں