وفاقی کابینہ اجلا میں سینٹرل کمیٹی برائے لوکل گورنمنٹ کے فیصلوں کی توثیق

01:25 PM, 2 Jan, 2026

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے اسلام آباد میں شیڈول بلدیاتی انتخابات کو ایک بار پھر ملتوی کرنے کی منظوری دی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں اس فیصلے کی توثیق کی گئی، جس میں 3 دسمبر اور 30 دسمبر کو ہونے والی کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کی میٹنگز کے نتائج کو بھی تسلیم کیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کے بارے میں نئی قانون سازی پر غور کیا گیا، اور چیف کمشنر اسلام آباد نے کابینہ کو انتخابات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ بریفنگ کے بعد کابینہ نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کو مزید ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔

کابینہ نے اس کے ساتھ ساتھ پنجاب طرز کے بلدیاتی انتخابات کے لیے نئی قانون سازی کی بھی منظوری دی۔ اس کا مطلب ہے کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات پنجاب میں ہونے والے انتخابات کے طرز پر ہوں گے۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کے لیے 15 فروری 2026 کی تاریخ مقرر کی تھی اور نتائج 16 سے 19 فروری تک مرتب کرنے تھے، لیکن اب ان انتخابات کو ملتوی کر دیا گیا ہے اور نیا شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا۔

مزیدخبریں