پنجاب میں شرمپ فارمنگ کا بڑا منصوبہ، زرعی اور معاشی ترقی کا نیا دور

12:33 PM, 2 Jan, 2026

لاہور : پنجاب میں شرمپ فارمنگ کے فروغ کے لیے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں اہم اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس منصوبے کے تحت سرگودھا اور علی پور میں 5,600 ایکڑ رقبے پر شرمپ سٹیٹس قائم کیے جائیں گے، جس سے نہ صرف آبی حیات کی صنعت کو نئی زندگی ملے گی بلکہ مقامی معیشت میں بھی بہتری آئے گی۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد پنجاب کی زرعی اور معاشی ترقی کو نئی راہیں دینا ہے، خاص طور پر بنجر اور سیم زدہ زمینوں کو دوبارہ قابلِ استعمال بنانا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ قدم پنجاب میں "بلیو اکانومی" کی بنیاد رکھنے کے مترادف ہے، جس سے ہزاروں نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور صوبے کی برآمدات میں اضافہ ہوگا۔

سرگودھا میں شرمپ فارمنگ منصوبے کے تحت 20 ایکڑ اراضی پر 9 تالاب تیار کیے جا چکے ہیں، اور اس کے علاوہ 5,320 میٹر ڈرینج کا کام بھی مکمل ہو چکا ہے۔ منصوبے کا اگلا مرحلہ مزید 10 ایکڑ اراضی پر سروے کی تکمیل ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ لاہور میں ساڑھے چار ارب روپے کی لاگت سے قائم کی جانے والی کوالٹی کنٹرول لیبارٹری کا 99 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، جب کہ مظفرگڑھ میں شرمپ فارمنگ کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی کے لیے لیبارٹری کا 98 فیصد کام بھی مکمل ہو چکا ہے۔

پنجاب حکومت نے اس منصوبے کے لیے سعودی عرب اور میکسیکو سے ماہرین کو تربیت کے لیے بلایا، اور اب غیر ملکی ماہرین کی مدد سے پاکستانی عملے کو جدید تکنیکی تربیت دی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ، 100 انٹرنز کے تحریری امتحانات بھی مکمل ہو چکے ہیں۔

اس منصوبے کے تحت 32 ٹیوب ویل اور 8 ٹرانسفارمرز کی تنصیب کا کام مکمل ہو چکا ہے، اور سرگودھا کے چک نمبر 58 میں 124 ایکڑ اراضی پر شرمپ سٹیٹ قائم کی جائے گی۔ مظفرگڑھ میں 2,507 ایکڑ اراضی کی صفائی اور ہموار کرنے کا کام بھی مکمل ہو چکا ہے، جہاں 57 تالاب اور 50 ٹیوب ویلز کی کھدائی ہو چکی ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ نہ صرف آبی زراعت کو فروغ دے گا بلکہ پنجاب کی معیشت کو بھی نئے جہتوں تک پہنچائے گا۔ اس کے ذریعے عالمی مارکیٹ میں پاکستان کی آبی مصنوعات کی طلب میں اضافہ ہوگا اور ملک میں زرعی شعبے کی ترقی کو نئی رفتار ملے گی۔

مزیدخبریں