پاکستان کے بالائی علاقوں میں برفباری، سردی کی شدت میں اضافہ

10:35 AM, 2 Jan, 2026

لاہور : پاکستان کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری نے سردی کی شدت میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ مری میں برفباری نے سیاحوں کی خوشیوں کو دوگنا کر دیا ہے، جبکہ گلیات کے پہاڑ بھی برف سے ڈھک گئے ہیں۔ لواری ٹنل میں ڈیڑھ سے دو فٹ تک برف پڑ چکی ہے، جبکہ چترال میں 28 انچ اور استور کے کئی علاقوں میں 2 فٹ تک برفباری ہوئی ہے۔

چلاس اور اپر دیر کے پہاڑوں پر بھی برف باری کا منظر ہے، اور بٹگرام میں برفباری کی وجہ سے رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں۔ آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں تیسرے روز بھی برفباری جاری رہی، جبکہ اڑنگ کیل چیئر لفٹ پر سیاحوں کا رش بڑھ گیا ہے۔ تاہم، شدید برفباری کی وجہ سے سیاحتی مقامات کی سڑکیں بند ہو گئیں۔

مظفرآباد اور اس کے آس پاس بوندا باندی ہوئی، اور بلوچستان میں بھی سردی کی شدید لہر آ گئی ہے۔ زیارت میں کم سے کم درجہ حرارت منفی چار ڈگری ریکارڈ کیا گیا، جبکہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ لاہور میں بھی آسمان پر بادلوں کا چھا جانا اور یخ بستہ ہوائیں سردی کو مزید بڑھا رہی ہیں۔

مزیدخبریں