گوردوارہ پنجہ صاحب میں عالمی بینک کے صدر کی حاضری، پاکستان میں اقلیتوں کے احترام اور مذہبی سیاحت کے فروغ کی مضبوط مثال

05:04 PM, 2 Feb, 2026

حسن ابدال:عالمی بینک کے صدر اجے پال سنگھ بنگا نے حسن ابدال میں واقع سکھوں کے مقدس مذہبی مرکز گوردوارہ سری پنجہ صاحب کا دورہ کیا، جسے پاکستان میں مذہبی رواداری، بین المذاہب ہم آہنگی اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
دورے کے دوران عالمی بینک کے صدر نے گوردوارے میں مذہبی رسومات میں شرکت کی، خصوصی دعاؤں میں شامل ہوئے اور سکھ برادری کے ہمراہ لنگر میں  کھانا تناول کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور پنجاب کے وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑا بھی موجود تھے، جو اقلیتوں کے تحفظ اور مذہبی ہم آہنگی کے لیے حکومتی پالیسیوں کی عکاسی کرتا ہے۔

گوردوارہ انتظامیہ نے مہمان خصوصی کو گوردوارہ پنجہ صاحب کی تاریخی اور مذہبی اہمیت سے آگاہ کیا اور پاکستان میں موجود دیگر مقدس سکھ مقامات کے تحفظ کے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔ عالمی بینک کے صدر نے مذہبی ورثے کے تحفظ اور بین المذاہب احترام کے اقدامات کو سراہا۔

دورے کے موقع پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے غیر معمولی حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے، جس سے پاکستان کی جانب سے عالمی سطح کی شخصیات کے لیے محفوظ ماحول فراہم کرنے کے عزم کا اظہار ہوا۔

پنجاب حکومت کے حکام نے بتایا کہ حکومت تاریخی اور مذہبی مقامات کی بحالی اور خوبصورتی کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے، جس کے مثبت اثرات مذہبی سیاحت پر مرتب ہو رہے ہیں۔ ہر سال بڑی تعداد میں سکھ یاتری، خصوصاً بیساکھی کے موقع پر، پاکستان کا رخ کرتے ہیں، جو نہ صرف مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیتا ہے بلکہ ملکی معیشت کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہو رہا ہے۔

سیاسی و سماجی مبصرین کے مطابق عالمی بینک کے صدر کا یہ دورہ پاکستان کے مثبت تشخص کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں مددگار ثابت ہوگا اور بین الاقوامی برادری میں مذہبی آزادی اور ثقافتی رواداری کے حوالے سے پاکستان کے موقف کو مزید تقویت دے گا۔

مزیدخبریں