اسلام آباد : وزیراعظم محمد شہباز شریف سے عالمی بینک گروپ کے صدر اجے بنگا نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم نے عالمی بینک کے صدر کا پاکستان کے پہلے دورے پر خیرمقدم کیا اور ان کی مدد کو پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لیے بہت اہم قرار دیا۔
ملاقات میں وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی بینک کا 10 سالہ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (CPF) پاکستان کے ترقیاتی اہداف کے لیے انتہائی اہم ہے اور اس پر تیز رفتار عملدرآمد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان پائیدار اقتصادی استحکام کے لیے اصلاحات پر عمل کر رہی ہے، جن میں انفراسٹرکچر، زرعی شعبہ، توانائی اور مالیاتی اصلاحات جیسے اہم اقدامات شامل ہیں۔
اجے بنگا نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور عالمی بینک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی شراکت داریوں اور نجی وسائل کے مؤثر استعمال سے پاکستان کے اصلاحاتی منصوبوں کے اہداف کو حاصل کیا جا سکتا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت ترجیحات پر تیز عملدرآمد اور مؤثر نگرانی سے پاکستان کی ترقی کے منصوبے کامیاب ہوں گے۔