وزیرِ اعظم شہباز شریف سے وینس بیانالے 2026 میں پاکستانی پیویلین کی ٹیم کی ملاقات

12:05 PM, 2 Feb, 2026

اسلام آباد : وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے اٹلی کے شہر وینس میں 61ویں وینس بیانالے 2026 کے موقع پر پاکستانی پیویلین کی ٹیم نے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں نجم سیٹھی، پاکستان کی معروف آرٹسٹ فائزہ بٹ، پاکستانی پیویلین کی کیوریٹر بیٹریز کوفینٹس فلیکانو اور پیویلین کمشنر ڈاکٹر یعقوب خان بنگش نے وزیرِ اعظم کو پیویلین کی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

پاکستانی ٹیم نے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ 2026 میں وینس بیانالے میں پاکستان کے روایتی آرٹ اور اس کی جمالیات کو دنیا کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ مئی سے نومبر 2026 تک متعدد ایونٹس کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں پاکستانی ثقافت، فن اور روایات کو اجاگر کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

وفد نے وزیرِ اعظم کو وینس بیانالے کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا، جو 1895 سے دنیا کی سب سے قدیم اور بڑی آرٹ نمائش ہے۔ یہ نمائش عالمی سطح پر اپنے تخلیقی تنوع اور آرٹ کی مختلف شکلوں کے لیے جانی جاتی ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ملاقات کے دوران اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی تاریخ اور ثقافت کی خوبصورتی، تنوع اور شمولیت کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی نمائشیں پاکستان کی ثقافت کو عالمی سطح پر پہنچانے کا بہترین موقع ہیں۔

آخر میں، پاکستانی پیویلین ٹیم نے وزیرِ اعظم کو وینس بیانالے 2026 میں پیویلین کے افتتاح کی دعوت دی۔

مزیدخبریں