ایران پر جنگ مسلط ہوئی تو یہ علاقائی جنگ بن جائے گی ، ایرانی سپریم لیڈر

09:37 AM, 2 Feb, 2026

تہران : ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے امریکا کو واضح طور پر خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا نے ایران پر جنگ مسلط کی تو یہ جنگ صرف ایران تک محدود نہیں رہے گی، بلکہ یہ ایک علاقائی سطح پر پھیل جائے گی۔ تہران میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکا کی طرف سے جنگ کی دھمکیاں نئی نہیں ہیں، بلکہ یہ پہلے بھی وقتاً فوقتاً دی جاتی رہی ہیں، اور امریکا اپنے بیانات میں کہتا رہا ہے کہ "تمام آپشنز میز پر ہیں"، جن میں جنگ بھی شامل ہے۔

آیت اللہ خامنہ ای نے خاص طور پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ذکر کیا اور کہا کہ وہ ابھی تک جنگی جہاز اور ہتھیار تعینات کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں، لیکن ایرانی عوام کو ان باتوں سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران جنگ شروع کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا، مگر اگر کوئی حملہ کرتا ہے یا ایران کو ہراساں کرتا ہے تو اس کا سخت جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ امریکا کو یہ سمجھنا چاہیے کہ ایران کے پاس تیل، گیس، قیمتی معدنیات اور اسٹریٹجک محلِ وقوع جیسے اہم وسائل ہیں، جو عالمی طاقتوں کی نظر میں ہیں۔ ایران پر امریکی غلبہ قائم رکھنے کی کوششیں طویل عرصے سے جاری ہیں، اور خامنہ ای کے مطابق امریکا پہلوی دور کی صورتحال دوبارہ لانا چاہتا ہے، لیکن ایرانی عوام اس راستے میں مضبوطی سے کھڑے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے پچھلے 30 سالوں میں ایران کی سیاست، تیل، سلامتی اور خارجہ تعلقات پر قابو پانے کی کوشش کی، لیکن اب ایرانی قوم نے ان کے اثرات کو ختم کر دیا ہے۔ خامنہ ای کے مطابق، امریکا کے انسانی حقوق اور دیگر بہانے محض کھوکھلے دعوے ہیں۔

مزیدخبریں