صارفین کے نجی پیغامات کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا: میٹا کا بیان

07:43 PM, 2 Dec, 2025

کیلیفورنیا: سماجی رابطوں کی مشہور کمپنی میٹا نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو اور پھیلنے والی افواہوں کی سختی سے تردید کی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ میٹا صارفین کے نجی پیغامات (ڈی ایمز) کو اے آئی ماڈلز کی تربیت میں استعمال کرے گا۔ کمپنی نے اس دعوے کو غلط اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے وضاحت دی کہ ایسا کوئی عمل نہیں ہو رہا۔

میٹا کے ترجمان نے کہا کہ فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ جیسے پلیٹ فارمز پر صارفین کے نجی پیغامات، تصاویر، ویڈیوز یا وائس نوٹس کسی بھی صورت میں بغیر اجازت کے اے آئی کی تربیت کے لیے استعمال نہیں کیے جائیں گے۔ صرف وہ معلومات استعمال کی جائیں گی جو صارفین خود میٹا اے آئی کے ساتھ بات چیت کے دوران فراہم کریں گے۔

مزید یہ کہ میٹا نے اپنی نئی پرائیویسی پالیسی کی تفصیلات بھی شیئر کیں، جس کے مطابق یہ پالیسی صرف ان فیچرز پر لاگو ہوگی جہاں صارفین خود میٹا اے آئی سے بات چیت کرتے ہیں۔ یہ نئی پالیسی 16 دسمبر 2025 سے نافذ ہوگی۔

سوشل میڈیا پر پھیلنے والی ویڈیو میں کہا گیا تھا کہ میٹا کی نئی اپ ڈیٹ کے بعد تمام ڈی ایمز خودکار طور پر اے آئی میں شامل ہو جائیں گے، تاہم میٹا نے اس دعوے کو بے بنیاد اور جھوٹا قرار دیا۔

ڈیجیٹل ماہرین کے مطابق، میٹا کا یہ وضاحتی بیان صارفین کے خدشات کو کم کرنے میں مدد دے گا، لیکن انہوں نے یہ بھی مشورہ دیا کہ صارفین اپنی پرائیویسی سیٹنگز کا باقاعدگی سے جائزہ لیں اور حساس معلومات میٹا اے آئی چیٹس میں شیئر کرنے سے گریز کریں۔

میٹا کی اس وضاحت کا مقصد صارفین کا اعتماد بحال کرنا اور سوشل میڈیا پر پھیلنے والی غلط معلومات کا خاتمہ کرنا ہے۔
 
 

مزیدخبریں