امریکا اور برطانیہ میں شدید برفباری، سردی کی شدت بڑھنے کا امکان

04:32 PM, 2 Dec, 2025

واشنگٹن : امریکا کی مختلف ریاستوں میں برفانی طوفان نے تباہی مچادی ہے، جس سے عمارتیں، سڑکیں اور مکانات کئی فٹ برف میں دب گئے ہیں۔ نیو یارک، الینوائے اور مشی گن میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، اور ان علاقوں میں ہر طرف برف کی سفید چادر بچھی ہوئی ہے۔ الاسکا میں بھی برفباری کے بعد درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا، جس سے سردی کی شدت مزید بڑھ گئی ہے۔

شکاگو میں نومبر کے مہینے میں سب سے زیادہ برفباری کا ریکارڈ قائم ہوا ہے۔ یہاں 8.4 انچ تک برف پڑ چکی ہے، جس کے نتیجے میں سینکڑوں پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہو گئیں۔ امریکی محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ ملک کے بیشتر حصوں میں آج سے سردی اور برفباری کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

کینساس، نیبرسکا اور مشرقی ساحل کی کئی ریاستوں میں بھی برفانی طوفان کی پیشگوئی کی گئی ہے، اور پینسلوینیا، نیوجرسی میں بھی برفباری کی توقع ہے۔ ان علاقوں میں 6 انچ یا اس سے زیادہ برف پڑنے کا امکان ہے، جس سے روزمرہ زندگی متاثر ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب، برطانیہ میں بھی شدید برفباری کا انتباہ جاری کیا گیا ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق 9 اور 10 دسمبر کو انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ میں برفباری ہو سکتی ہے، جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا۔

مزیدخبریں