پی ٹی آئی کی احتجاجی کال، جڑواں شہروں میں دفعہ 144 نافذ

10:52 AM, 2 Dec, 2025

اسلام آباد : وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہ کرانے پر آج احتجاج کی کال دے دی ہے، جس کے بعد اسلام آباد اور راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ اس پابندی کے تحت احتجاج، جلسے، جلوس اور دھرنوں پر مکمل طور پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

دفعہ 144 کے نفاذ کے ساتھ ساتھ جڑواں شہروں میں اسلحہ کی نمائش، لاؤڈ اسپیکر کا استعمال اور نفرت انگیز تقریروں پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، اور شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی غیر قانونی عمل میں حصہ نہ لیں۔

اس کے علاوہ، پشاور ہائیکورٹ نے سرکاری اداروں کے قریب غیر قانونی اجتماعات پر پابندی عائد کی ہے اور تعلیمی اداروں، سرکاری دفاتر یا انتظامی اداروں کے احاطے میں سیاسی اجتماعات پر بھی روک لگا دی ہے۔ عدالت نے کہا کہ سرکاری اداروں کا استعمال صرف اپنے مخصوص مقاصد کے لیے کیا جانا چاہیے اور غیر متعلقہ اجتماعات ان کی عزت و وقار کو متاثر کرتے ہیں۔

عدالت نے مزید یہ بھی کہا کہ متعلقہ ادارے غیر قانونی اجتماعات کو روکنے کی ذمہ داری رکھتے ہیں، اور اس حوالے سے حکام کو ہدایات دی گئیں ہیں۔

پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد، ڈی آئی جی خیبرپختونخوا نے پولیس افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ صرف صوبے کی حدود میں اپنی ڈیوٹیز سرانجام دیں گے اور کسی دوسرے علاقے میں تعینات نہیں کیے جائیں گے۔

مزیدخبریں