پاکستان کا سرچشمہ بقا اور بلوچستان کا معدنی وعدہ

09:13 AM, 2 Dec, 2025

پاکستان اس وقت اپنی تاریخ کے ایک ایسے موڑ پر کھڑا ہے جہاں قدرت کے دو تحفے پانی اور معدنیات ملکی مستقبل کے لیے فیصلہ کن اہمیت اختیار کر چکے ہیں۔ ایک طرف پانی کا وہ گہرا زخم ہے جو ہماری زمین، ہماری زراعت، ہمارے شہروں اور ہمارے خاندانوں کے مستقبل کو دیمک کی طرح کھا رہا ہے۔ دوسری طرف بلوچستان کی زمین اپنے سینے میں چھپائے ہوئے وہ چمکتا خزانہ پیش کر رہی ہے جو پاکستان کی معاشی سانس کو تیز تر، مضبوط تر اور باوقار بنا سکتا ہے۔ یہی وہ مقام ہے جہاں پاکستان کو سوچنا ہوگا کہ کیا ہم ان دونوں قوتوں کو ایک ایسی مشترکہ قومی حکمتِ عملی میں ڈھال سکتے ہیں جو آنے والی نسلوں کے لیے امید اور ترقی کا دروازہ بنے؟۔
پانی کا بحران اب خبروں کا موضوع نہیں رہا، یہ پاکستان کے ہر گھر کا خوف، ہر کسان کی بے بسی اور ہر نوجوان کے مستقبل کی دھڑکن ہے۔ ہمالیہ کے گلیشیئرز جیسے دھیرے دھیرے پیچھے ہٹتے بوڑھے محافظ، اب وہ رفتار اختیار کر چکے ہیں جو ہمارے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔ مون سون کے بادل کبھی برسنے سے انکار کرتے ہیں اور کبھی شہر ڈبو دیتے ہیں۔ آج پاکستان کے پاس صرف ایک مہینے کا پانی محفوظ رہ جاتا ہے صرف  ایک مہینہ! یہ وہ حقیقت ہے جسے سوچ کر بھی دل دہل جاتا ہے، کیونکہ زرعی ملک کے لیے پانی زندگی کی شہ رگ نہیں بلکہ پورا وجود ہے۔افسوس اس بات کا ہے کہ ہمارا پانی ضائع ہوتا ہے، بہہ کر سمندر میں گم ہو جاتا ہے، صرف اس لیے کہ ہم نے دہائیوں تک ذخیرہ سازی کو سنجیدگی سے نہیں لیا۔ کھیتوں میں پرانے، غیر مؤثر نظام اب بھی پانی کو برباد کرتے ہیں جبکہ دنیا ڈرِپ اور اسپرنکلر جیسی ٹیکنالوجیز کو عام کر چکی ہے۔ جب پانی کم ہوتا ہے تو صرف فصلیں نہیں مر جاتیںبلکہ امیدیں مر جاتی ہیں، بازار خالی ہونے لگتے ہیں، مہنگائی سانسیں گھونٹنے لگتی ہے، قومیں کمزور ہو جاتی ہیں۔
مگر تصویر کا دوسرا رخ بھی ہے، ایک  روشن رخ، جو بلوچستان کی سنہری مٹی سے جھلک رہا ہے۔ سینڈک کاپر گولڈ پراجیکٹ نے ثابت کیا ہے کہ اگر ارادے سچے ہوں تو پہاڑ بھی رزق کے دروازے کھول دیتے ہیں۔ لاکھوں ٹن تانبے کی برآمدات، اربوں ڈالر کا زرمبادلہ، ہزاروں روزگار، مقامی کاروبارکی بحالی، سکولوں اور ہسپتالوں کی تعمیر اور یہ سب اس بات کے گواہ ہیں کہ بلوچستان صرف ایک ویران خطہ نہیں بلکہ پاکستان کی معاشی آزادی کا نیا محور ہے۔تاہم سب سے اہم بات یہ کہ سینڈک نے صرف خزانہ نہیں دیا، اس نے ہنر دیا ہے۔ اس نے نوجوانوں کے ہاتھوں میں ایسا اوزار پکڑا دیا ہے جو صرف روزگار نہیں، وقار بھی دیتا ہے۔ یہ وہ مثال ہے جو پاکستان کے ہر ترقیاتی منصوبے کے لیے مشعلِ راہ بن سکتی ہے۔اب اصل سوال یہ ہے کہ کیا پاکستان ان دونوں قوتوں یعنی پانی اور معدنیات کو ایک ہی حکمتِ عملی میں بْن سکتا ہے؟ جس کا جواب ہاں میں نظر آتا ہے۔کیونکہ یہ دونوں شعبے دراصل ایک ہی خواب کے دو پہلو ہیں ،قومی بقا اور معاشی خودمختاری۔جیسے معدنی منصوبے دور دراز علاقوں میں سڑکیں، بجلی، پانی اور روزگار پیدا کرتے ہیں، ویسے ہی بڑے آبی منصوبے بھی مقامی کمیونٹیز کو نئی زندگی دے سکتے ہیں۔ جیسے سینڈک نے تربیت دی، ویسے ہی پانی کے شعبے میں ہائیڈرو لوجی، موسمیاتی سائنس اور جدید زرعی تکنیکوں کی تربیت عام کی جا سکتی ہے۔ جیسے معدنیات سے ملک کو زرمبادلہ ملا، ویسے ہی یہی سرمایہ ڈیموں، نہروں، لائننگ اور جدید آبپاشی کے منصوبوں میں لگایا جا سکتا ہے۔
تصوّر کیجیے ایک ایسے پاکستان کا جہاں ایک صوبے کا معدنی خزانہ دوسرے صوبے کی کھیتوں کو بچا رہا ہو…جہاں بلوچستان کے پہاڑوں سے نکلنے والا تانبا سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے کھیتوں کی سبزیاں، گندم اور چاول کو نئی زندگی دے رہا ہواور جہاں ایک قومی حکمتِ عملی پاکستان کو بحران سے نکال کر ایک مضبوط، خود مختار ریاست میں بدل رہی ہو۔پاکستان کے پاس آج بھی وقت ہے، مگر یہ وقت ہمیشہ نہیں رہے گا۔اگر ہم نے پانی کے بحران کو نظر انداز کیا تو اگلی نسلیں ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔اگر ہم نے معدنی وسائل کو صحیح سمت نہ دی تو دنیا آگے بڑھ جائے گی اور ہم ہاتھ ملتے رہ جائیں گے۔اگر ہم نے آج دونوں شعبوں کو ایک ساتھ جوڑ کر جامع حکمتِ عملی نہ بنائی تو نہ پانی بچے گا، نہ دولت رہے گی۔
 اگر ہم نے یہ فیصلہ آج کر لیا کہ بھرپور سوچ، سچی نیت اور طویل المدتی وژن کے ساتھ تو پاکستان ایک ایسی منزل کی طرف بڑھ سکتا ہے جہاں قحط نہیں ہوگا بلکہ فراوانی ہوگی، جہاں بحران نہیں ہوگا بلکہ استحکام ہوگا، جہاں مایوسی نہیں ہوگی بلکہ اعتماد کی نئی صبح طلوع ہوگی۔یہی وہ لمحہ ہے جس میں قیادتیں اپنی پہچان چھوڑتی ہیں، قومیں اپنی سمت بدلتی ہیں، اور ملک اپنی تقدیر لکھتے ہیں۔پاکستان کو بچانے کا راستہ پانی کے ہر قطرے کو بچانے اور پہاڑوں کے ہر خزانے کو صحیح جگہ لگانے سے گزرتا ہے۔آج اگر ہم نے یہ راستہ چن لیا تو آنے والا پاکستان ایسا ہوگا جو صرف زندہ نہیں رہے گا بلکہ اٹھے گا، بڑھے گا، اور دنیا میں باوقار کھڑا ہوگا۔یہی پاکستان کا اصل مستقبل ہے، یہی ہماری ذمہ داری، یہی امید اور یہی خواب بھی ہے۔

مزیدخبریں