راولپنڈی: سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ میرپور کے عوام نے مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار کیا، جبکہ مظفرآباد میں بھی عوامی ردعمل اور کارکنوں کا جوش کامیابی کی علامت ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ انتخابات شور، احتجاج یا الزامات سے نہیں بلکہ عوامی حمایت، کارکردگی اور ووٹر کے اعتماد سے جیتے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام فیصلہ ووٹ کی پرچی کے ذریعے کرتے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ میرپور کے بعد مظفرآباد اور پنجاب میں بھی مسلم لیگ (ن) کامیابی حاصل کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگلے مرحلے کے لیے پونچھ میں بھی پارٹی نے بھرپور تیاری کر رکھی ہے۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ الیکشن کے دوران چند واقعات یا معمولی اعتراضات کی بنیاد پر پورے انتخابی عمل کو متنازع بنانا درست نہیں۔ ان کے مطابق ہزاروں ووٹوں پر مشتمل انتخاب میں ہر شکایت کا جائزہ قانون کے مطابق لیا جاتا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ سیاسی اختلافات کو تشدد، گالم گلوچ یا الزام تراشی تک نہیں لے جانا چاہیے، بلکہ جمہوری روایات کو برقرار رکھتے ہوئے عوامی فیصلے کا احترام کرنا چاہیے۔