ملک دشمن عناصر کے خلاف قوم کو متحد ہونا ہوگا، آئین ماننے والوں سے بات چیت ممکن ہے: حافظ طاہر اشرفی

01:53 PM, 2 Aug, 2026

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے عناصر کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، جبکہ پاکستان کے آئین اور قانون کو تسلیم نہ کرنے والوں کو قبول نہیں کیا جا سکتا۔

نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ ریاستی آئین کو تسلیم کرنے والے تمام فریقین کے ساتھ بات چیت کا راستہ موجود ہے، تاہم ملک میں امن کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف متحد ہو کر کارروائی کرنا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور امن کے لیے قومی اتفاق رائے ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر داخلہ کی تجاویز پر عملدرآمد کے لیے اصلاحات کا آغاز عدلیہ سے ہونا چاہیے، جبکہ سوشل میڈیا پر نظریہ پاکستان کے خلاف پھیلائے جانے والے مواد کا سدباب بھی ضروری ہے۔

حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ پیغام پاکستان ایک متفقہ قومی دستاویز ہے، جس کی روشنی میں ماہ اگست کے دوران مختلف پروگرامز منعقد کیے جائیں گے۔ ان کے مطابق ان پروگرامز کا مقصد امن، برداشت اور قومی یکجہتی کے فروغ کو اجاگر کرنا ہے۔

مزیدخبریں