مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 2026 کے دوسرے مرحلے میں 21 نشستوں پر آج پولنگ جاری ہے۔ ووٹنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا۔
دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کی 9 عام نشستوں اور پاکستان کے مختلف شہروں میں مقیم کشمیری مہاجرین کی 12 نشستوں پر امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہو رہا ہے۔ اس مرحلے میں 12 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق مظفرآباد ڈویژن کی 9 نشستوں پر 208 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں، جبکہ 8 لاکھ 9 ہزار 621 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔ مہاجرین کی 12 نشستوں پر 143 امیدوار قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔
ووٹنگ کے لیے مظفرآباد ڈویژن میں 1,483 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔ حساس پولنگ اسٹیشنز پر پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار تعینات ہیں، جبکہ ایل اے-28، ایل اے-29 اور ایل اے-31 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔
نمایاں انتخابی مقابلوں میں مسلم لیگ (ن) کے شاہ غلام قادر، استحکام پاکستان پارٹی کے سردار تنویر الیاس، سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر اور اسپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر شامل ہیں، جن کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔
راولپنڈی ڈویژن میں مہاجرین کی تین نشستوں پر 35 امیدوار مدِمقابل ہیں، جبکہ خیبرپختونخوا میں حلقہ ایل اے-45 کشمیر ویلی-VI کے لیے 21 اضلاع میں 41 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔
الیکشن حکام کا کہنا ہے کہ پولنگ کے اختتام کے بعد مرحلہ وار غیر سرکاری نتائج موصول ہونا شروع ہو جائیں گے۔