عمران خان نے اپنے بچوں کو پاکستان آنے سے نہیں روکا، نائیکوپ گم ہو گیا ہے:علیمہ خان

02:55 PM, 2 Aug, 2025

راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے کبھی اپنے بچوں کو پاکستان آنے سے نہیں روکا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس دعوے میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ علیمہ خان نے مزید وضاحت دی کہ بانی پی ٹی آئی کے بچوں کے پاس نائیکوپ ہے، تاہم وہ گم ہو چکا ہے، اور اس کے لئے درخواست بھی دی جا چکی ہے۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ "یہ بالکل جھوٹ ہے کہ عمران خان نے اپنے بچوں کو پاکستان آنے سے منع کیا۔ ان کے پاس نائیکوپ تھا، لیکن وہ گم ہو چکا ہے۔ ہم نے نائیکوپ کے حصول کے لئے درخواست دی ہے، اور میرے پاس درخواست کا ٹریکنگ نمبر بھی موجود ہے۔"

انہوں نے کہا کہ سفارت خانے کا دعویٰ ہے کہ کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی، جو کہ حقیقت میں درست نہیں۔ ایک دوست نے سفیر سے بات کی تو انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ سے اجازت درکار ہے۔ علیمہ خان کا کہنا تھا کہ "اگر اجازت کی ضرورت ہو تو محسن نقوی سے لے لیں، لیکن وزارت خارجہ نے بعد میں کہا کہ ویزا وزارت خارجہ ہی دے گی۔ اب ایمبیسڈر صاحب کوئی جواب نہیں دے رہے ہیں۔"

علیمہ خان نے مشال یوسفزئی کے سینیٹر بننے کے حوالے سے بھی سوالات اٹھائے اور کہا کہ "میرٹ کے مطابق، مشال یوسفزئی سینیٹر بننے کی اہل نہیں تھیں۔ میں اس بات پر وقت ضائع نہیں کرنا چاہتی، لیکن اگر سینیٹ کے انتخاب میں انصاف ہوتا تو مشال کے علاوہ بھی بہت سے لوگ اہل تھے۔"

تحریکِ رہائی پر بات کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہاہم عمران خان کی رہائی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور اس معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ ہم دو سال سے عدالتوں کے چکر لگا رہے ہیں اور اس وقت تک تحریک کا حصہ رہیں گے جب تک کہ عمران خان کی رہائی نہ ہو۔ اگر ہمیں گرفتار کرنا ہے تو کر لیں، ہمیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔"

انہوں نے اس بات کو دہراتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے اپنے بچوں کو پاکستان آنے سے کبھی نہیں روکا اور یہ جھوٹ ہے کہ ایسا کہا گیا۔ یہ تاثر غلط ہے کہ میرے بھائی نے اپنے بچوں کو پاکستان آنے سے منع کیا۔"

علیمہ خان کا کہنا تھا کہ ان کی تمام تر توجہ اپنے بھائی کی رہائی پر مرکوز ہے اور وہ عوام سے اپیل کرتی ہیں کہ اس جدوجہد میں ان کا ساتھ دیں۔

مزیدخبریں