لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ’’معرکۂ حق‘‘ نے جشنِ آزادی کی اہمیت کو دوچند کر دیا ہے۔ انہوں نے افواجِ پاکستان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں ہماری مسلح افواج نے قومی تاریخ میں ایک سنہری باب کا اضافہ کیا ہے، جو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ قوم نے افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ ہم آزادی کو صرف مناتے نہیں، بلکہ اس کا دفاع کرنا بھی جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت جشن کا ہی نہیں، بلکہ قومی اتحاد اور استقامت کی علامت بننے کا ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ پنجاب بھر میں جشنِ آزادی کی تقریبات کو بھرپور انداز میں منایا جائے، اور ہر ضلع میں عوامی شرکت کو یقینی بنایا جائے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ اس سال تقریبات کا مرکزی تھیم ’’حصولِ آزادی سے تحفظِ آزادی تک‘‘ رکھا گیا ہے، تاکہ نئی نسل کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ آزادی ایک مسلسل قربانی اور ذمہ داری کا نام ہے۔
وزیراعلیٰ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ 14 اگست کی تقریبات میں قومی جذبے اور یکجہتی کے ساتھ شریک ہوں اور وطن عزیز کے لیے یک زبان ہو کر پیغام دیں کہ پاکستان ایک مضبوط، خودمختار اور پُرامن ریاست ہے۔