کراچی: شہرِ قائد کے طول و عرض میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا ہے، جس کے بعد کراچی کا موسم مکمل طور پر تبدیل ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے سندھ کے مختلف شہروں میں بارشوں کا یہ سلسلہ کل تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔آج صبح سے شروع ہونے والے بارش کے سلسلے نے شہر کے اہم علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔نارتھ ناظم آباد، بفر زون، ملیر، کورنگی اور ڈیفنس میں موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی۔آئی آئی چندریگر روڈ، صدر، ایم اے جناح روڈ اور گارڈن میں بادلوں کے برسنے سے سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا، تاہم موسم خوشگوار ہے۔ شاہ فیصل کالونی اور ناظم آباد میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے بارش کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ہنگامی احکامات جاری کیے ہیں۔ تمام چوکنگ پوائنٹس کی نگرانی کے لیے خصوصی عملہ فیلڈ میں موجود ہے۔نشیبی علاقوں سے نکاسیِ آب کے لیے اضافی ڈی واٹرنگ پمپس نصب کر دیے گئے ہیں۔
میونسپل کارپوریشن اور واٹر بورڈ کے ضروری عملے کی تمام چھٹیاں منسوخ کر کے انہیں ڈیوٹی پر حاضر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکومت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ بجلی کے تاروں اور کھمبوں سے دور رہیں۔ غیر ضروری طور پر موٹر سائیکل یا گاڑی نکالنے سے گریز کریں۔
کراچی میں بادلوں کا ڈیرہ: شاہراہوں پر جل تھل، شرجیل میمن کا رین ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان
11:47 AM, 2 Apr, 2026