پمز میں مریضوں کا بوجھ کم کرنے کیلئے ٹیلی میڈیسن سینٹر قائم کیا جائے گا، مصطفیٰ کمال

05:27 PM, 1 Sep, 2026

اسلام آباد: وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے پمز ہسپتال کا دورہ کیا اور اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں سرکاری ہسپتالوں میں فائر سیفٹی آڈٹ سمیت دیگر حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ہسپتالوں کے سربراہان، ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ، جوائنٹ سیکرٹری ہسپتال، ڈی جی ہیلتھ اور ڈی ایچ او اسلام آباد شریک ہوئے۔

وزیر صحت نے پمز میں مریضوں کے بڑھتے ہوئے دباؤ کو کم کرنے کیلئے ٹیلی میڈیسن سینٹر شروع کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے چلڈرن ہسپتال میں کولنگ سسٹم کو ہنگامی بنیادوں پر یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وزیراعظم ہیلتھ کارڈ کے تحت اسلام آباد میں پینل پر موجود 15 ہسپتالوں میں شہریوں کو مفت اور معیاری علاج کی سہولت دستیاب ہے۔ اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے شہری بھی پینل ہسپتالوں سے مفت علاج حاصل کرسکتے ہیں۔

وفاقی وزیر صحت نے وزیراعظم ہیلتھ کارڈ کی سہولیات سے متعلق بھرپور آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مفت علاج کی سہولت کے بارے میں شہریوں کو زیادہ سے زیادہ آگاہ کیا جائے۔

بعد ازاں مصطفیٰ کمال نے پمز کی نیو ایمرجنسی کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور نیو ایمرجنسی کو ہنگامی بنیادوں پر آپریشنل کرنے کی ہدایت کی۔

مزیدخبریں