پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کالا باغ ڈیم کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی مفاد میں بڑے فیصلے لینے کا وقت آ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "سیاست سے زیادہ ریاست اہم ہے، اور اگر کسی کو کالا باغ ڈیم پر اعتراض ہے تو وہ اعتراضات دور کیے جائیں، لیکن منصوبے پر عملدرآمد ضرور ہونا چاہیے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت شدید آبی، زرعی اور توانائی بحرانوں کا شکار ہے، اور ان مسائل کا دیرپا حل صرف بڑے آبی ذخائر کی تعمیر میں ہے۔ملک کے لیے قربانیاں دی جاتی ہیں، کالا باغ ڈیم کے مخالفین کو بھی اب قربانی دینا ہوگی۔علی امین گنڈا پور نے کہا کہ کالا باغ ڈیم صرف ایک صوبے کا نہیں، بلکہ پورے ملک کا منصوبہ ہے، اور اس سے تمام اکائیوں کو فائدہ ہوگا۔ ان کے مطابق، اگر تمام صوبے سنجیدگی سے بات چیت کریں تو غلط فہمیاں اور تحفظات ختم کیے جا سکتے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے اپیل کی کہ کالا باغ ڈیم کو سیاسی نعرہ نہیں بلکہ قومی مستقبل کے ضامن منصوبے کے طور پر دیکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کو اپنے ووٹرز کو خوش کرنے کے بجائے ملک کو بچانے کے فیصلے کرنے ہوں گے۔