اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش، واسا کا ہائی الرٹ

06:52 PM, 1 Sep, 2025

اسلام آباد:جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں شدید بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں جبکہ نالہ لئی میں طغیانی کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

ترجمان واسا کے مطابق اسلام آباد کے علاقے سیدپور میں 40 ملی میٹر جبکہ پی ایم ڈی کے مقام پر 92 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ راولپنڈی کے علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے، شمس آباد میں 25، پیر ودھائی میں 35 اور نیو کٹاریاں میں 60 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

ایم ڈی واسا محمد سلیم اشرف کے مطابق نالہ لئی اور دیگر نالوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح 13 فٹ اور گوالمنڈی کے مقام پر 4 فٹ تک پہنچ چکی ہے۔

واسا نے شہر بھر میں ہائی الرٹ اور رین ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ عملہ اور ہیوی مشینری فیلڈ میں موجود ہے۔ ایم ڈی واسا نے کہا کہ تمام ضروری اقدامات مکمل ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

مزیدخبریں