چلاس: گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں پاک فوج کا ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے میں ہیلی کاپٹر پر سوار پانچوں فوجی جوان شہید ہو گئے۔
ترجمان پاک فوج (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ ہیلی کاپٹر معمول کی تربیتی پرواز پر تھا، لیکن دورانِ پرواز اس میں فنی خرابی آ گئی جس کے باعث وہ چلاس کے قریب گر گیا۔
شہید ہونے والوں میں دو پائلٹ اور عملے کے تین دیگر اہلکار شامل ہیں، جن میں میجر عاطف (پائلٹ) ، میجر فیصل (کوپائلٹ) ،نائب صوبیدار مقبول ، حوالدار جہانگیر اور نائیک عامر شامل ہیں ۔یہ پانچوں جوان اپنی ڈیوٹی انجام دے رہے تھے جب انہیں یہ حادثہ پیش آیا۔
حادثے کے فوراً بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ ضلعی ہسپتال چلاس میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی اور تمام میڈیکل عملے کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
پاک فوج نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ فنی خرابی کی اصل وجہ کیا تھی۔