اسلام آباد میں ڈینگی کے وار جاری، مریضوں کی تعداد 197 تک پہنچ گئی

02:18 PM, 1 Sep, 2025

اسلام آباد : وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔ شہری اور دیہی علاقوں سے نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 197 ہو گئی ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس کی رپورٹ کے مطابق، گزشتہ روز شہری علاقوں سے 8 اور دیہی علاقوں سے 6 افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے۔

اسلام آباد میں ڈینگی کے کیسز میں روزانہ اضافہ ہو رہا ہے جس پر محکمہ صحت نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پانی کھڑا نہ ہونے دیں، مچھروں سے بچاؤ کی تدابیر اختیار کریں اور علامات ظاہر ہوتے ہی فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

ڈینگی کی علامات میں تیز بخار، سر درد، جسم درد، قے، متلی، آنکھوں کے پیچھے درد اور جلد پر نشانات شامل ہیں۔ ماہرین کے مطابق اس بیماری کا کوئی خاص علاج نہیں، البتہ پانی کی کمی سے بچاؤ، آرام اور طبی نگرانی سے صحتیابی ممکن ہے۔محکمہ صحت کی ٹیمیں احتیاطی اقدامات کے لیے متحرک ہیں، مگر شہری تعاون کے بغیر وائرس پر قابو پانا مشکل ہے۔

مزیدخبریں