صدر اور وزیراعظم کا سید علی گیلانی کی چوتھی برسی پر خراج عقیدت پیش

12:51 PM, 1 Sep, 2025

اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی کی چوتھی برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے کہا ہے کہ گیلانی کی زندگی کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی جدوجہد کی ایک مثال اور قربانی کا درس ہے۔

صدر زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارتی حکمرانوں کے ظلم و جبر کے باوجود گیلانی کا حوصلہ اور عزم کبھی متزلزل نہ ہوا اور انہوں نے کشمیریوں کو آزادی کی لڑائی میں ثابت قدم رکھا۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق کے لیے ہر عالمی فورم پر آواز اٹھاتا رہے گا اور کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت ملنا چاہیے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سید علی گیلانی نے اپنی بصیرت اور قیادت سے کشمیری مسئلے کو عالمی سطح پر پہنچایا اور اپنی جان اس جدوجہد کے لیے وقف کی۔ انہوں نے کہا کہ گیلانی کا مشہور نعرہ "ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے" آج بھی کشمیریوں کے دلوں میں زندہ ہے اور یہ ان کی جدوجہد کی علامت ہے۔

مزیدخبریں